کار چور انجینئر کی کارستانی۔۔۔اپنی کار فروخت کرنے کے بعد خود ہی چرا لی

بدھ 30 مئی 2018 12:15

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) بھارتی سول انجینیئرمنوج نے اپنی کار فروخت کرنے کے بعد خود ہی چرا لی۔ بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اتر کھنڈ کے رہائشی سرفرازالدین نے کیب سروس کے لئے گاڑی کی تلاش کااشتہار شائع کروایا جس کے بعد سول انجینئرمنوج سنگھل سے اس کا رابطہ ہوا۔ دونوں کے مابین گاڑی 17.5لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا معاہدہ طے پایا۔

اس موقع پر سرفراز الدین نے 50ہزار روپے نقد اور 14لاکھ روپے آن لائن ٹرانسفر کرکے گاڑی خرید لی۔ گاڑی کے کاغذات بقیہ 3لاکھ رورپے کی ادائیگی کے بعد دینے کی بات پررضامند ی ہوئی ۔جس دن گاڑی چوری ہوئی اس دن سرفراز الدین نے منوج سنگھل سے ملاقات کر کے سادہ چیک دیا اور گاڑی کے مالکانہ حقوق کے کاغذات ٹرانسفر کرنے کے لئے کہا لیکن جب سنگھل کار پارکنگ میں پہنچا تو وہاں گاڑی موجود نہیں تھی۔

(جاری ہے)

سرفرازالدین نے سنگھل کو فون کیا تواس نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کبھی فون نہ کرنا۔سرفراز کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائے جانے کے بعد سنگھل نے بھی رپورٹ درج کرائی جس میں الزام لگایا کہ سرفراز الدین کا چیک بائونس ہوگیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران سنگھل کے بیانات تبدیل ہونے پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ اس کے ساتھ سختی کا رویہ اختیار کیا تو حقیقت حال سے پردہ اٹھاکہ سنگھل نے ہی گاڑی بیچنے کے بعد نقلی چابی کی مدد سے چرا لی ہے۔