عام انتخابات کے حوالے سے شکو ک و شبہات ، اندیشوں اور خدشات کے بادل چھٹ رہے ہیں‘لیاقت بلوچ

تمام سیاسی اور جمہوری جماعتوں کیلئے چیلنج ہے آئینی ،جمہوری عمل ، خصوصاً شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں

بدھ 30 مئی 2018 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عام انتخابات کے حوالے سے شکو ک و شبہات ، اندیشوں اور خدشات کے بادل چھٹ رہے ہیں ، مرکز اور صوبوں میں بروقت نگران حکومتوں کا قیام جمہوریت کے لیے نیک فال ہے ، تمام سیاسی اور جمہوری جماعتوں کے لیے چیلنج ہے کہ آئینی اور جمہوری عمل ، خصوصاً شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں ۔

گلبرگ اور علامہ اقبال ٹائون میں عوامی افطار پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل 2018 ء کے انتخابات میں بھر پورحصہ لے گی ۔ آئین ، جمہوریت کی حفاظت ، سیاست اور ریاست کے تعلقات کا ر میں توازن لانے کے لیے دینی اور جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سیاست پر غالب رجحانات سے نجات کے لیے انتخابات میں نئی صف بندی نوشتہ دیوار ہے ۔

عام انتخابات کا اپنا کلچر از خود نمودار ہوتاہے کوئی بھی ریاستی طاقت سب کچھ اپنی مرضی کا نہیں کر سکتی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل انتخابات میں انتخابی نشان ’’کتاب‘‘ کے ساتھ حصہ لے گی ۔ محبان دین اور محبان پاکستان ،صاف ستھرے امیدواروں کی بہترین ٹیم انتخابات میں لائی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ رخصت ہونے والی وفاقی حکومت بھارتی آبی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا عالمی سطح پر کچا چھٹا کھولنے میں ناکام رہی ہے ۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے ۔ پالیسی ساز اسی تناظر میں قومی سلامتی اور مفادات کی حفاظت کے لیے باوقار جرأت مند پالیسی بنائیں تاکہ گھنائونی سازشوں میں مصروف ازلی روایتی دشمن بھارت کو موثر جواب دیا جائے ۔