آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے خصوصی انتخابی اخراجات اکائونٹ کھلوانے کی سہولیات مہیاء کی جائیں،

الیکشن کمیشن کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط ارسال

جمعہ 1 جون 2018 15:23

آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے خصوصی انتخابی ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط ارسال کیا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے انتخابی قانون 2017ء کے تحت خصوصی انتخابی اخراجات اکائونٹ کھلوانے کی سہولیات مہیاء کرے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر سٹیٹ بینک کے نام لکھے گئے خط میں انہیں بتایا گیا ہے کہ انتخابی قانون 2017ء کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار صرف مخصوص اکائونٹ جو اسی مقصد کے لئے کھولا جائے گا، سے انتخابی اخراجات کر سکیں گے۔

اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینکوں کو یہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے کہ ان امیدواروں کو فوری اکائونٹ کھلوانے کی سہولت دی جائے تاکہ وہ اسی اکائونٹ سے اپنے انتخابی اخراجات کر سکیں۔یاد رہے کہ امیدواروں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 2 جون سے 6 جون تک ہے،کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے دورانیہ میں خصوصی انتخابی اخراجات اکائونٹ کھلولے جائیں گے۔