ْیونیورسٹی آف جھنگ میں کلاسز اسی سال ستمبر میں شروع ہوں گی، شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس

وائس چانسلر کی آسامی مشتہر،داخلوں کیلئے قواعد و ضوابط، پراسپیکٹس، فیس سٹرکچر اور دیگر ضروری اقدامات ،یونیورسٹی آف جھنگ کے پہلے سیشن کی کلاسز عارضی طور پر گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج میں ہوں گی یونیورسٹی آف جھنگ کے مالی امور سے متعلق قوانین کا مسودہ گورنر کو ارسال، خریداری ، اساتذہ اور سٹاف کی بھرتی کیلئے 7 کمیٹیاں قائم الیکشن کے بعد اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو یونیورسٹی آف جھنگ کی تعمیر کی خود نگرانی کروں گا‘وزیراعلیٰ شہبازشریف

جمعہ 1 جون 2018 20:03

ْیونیورسٹی آف جھنگ میں کلاسز اسی سال ستمبر میں شروع ہوں گی، شہباز شریف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) یونیورسٹی آف جھنگ میں کلاسز اسی سال ستمبر میں شروع ہوں گی،گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج جھنگ میں عارضی کیمپس قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز جائزہ اجلاس میںبتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یونیورسٹی آف جھنگ میں کمپیوٹر سائنس، ریاضی، اسلامک سٹڈیز، پاکستان سٹڈیز، انگلش، سوشیالوجی اور فزکس کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔

یونیورسٹی کیلئے فکیلٹی، اکیڈمک سکول اور عارضی بنیادوں پر رجسٹرا ر کی تعیناتی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی سی ون اور پی سی ٹو کے قانونی تقاضے پورے کئے جاچکے ہیں۔ جھنگ شہر سے صرف 2، 3 کلومیٹر کے فاصلے پر 2286 کنال اراضی یونیورسٹی کو منتقل کی گئی ہے اور یونیورسٹی کو قبضہ بھی دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے مشتہر کیا جا چکا ہے۔

جائزہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر فیصل آباد مومن علی آغا نے بتایا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے فنانشل رولز اور دیگر اختیاراتی قوانین کا مسودہ منظوری کیلئے گورنر پنجاب کو بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پہلے سیشن کے داخلوں کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی جا چکی ہے۔

کنسٹرکشن کمیٹی، پروکیورمنٹ پرچیز کمیٹی، فکیلٹی اور سٹاف کی تعیناتی، وزٹنگ فکیلٹی، نان ٹیچنگ سٹاف سمیت 7 مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو قانون کے مطابق اپنے افعال کار سرانجام دے رہی ہیں۔ یونیورسٹی آف جھنگ کے پہلے سیشن کیلئے فیس سٹرکچر بھی منظور کیا جا چکا ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے فرنیچر اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

جائزہ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کی جلد از جلد تعمیر کیلئے فنڈز کی ٹرانسفر اور ٹینڈرنگ پراسیس مکمل ہو چکا ہے۔ کنٹریکٹر کو ورک آرڈر بھی ایشو کیا جا چکا ہے۔ جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے پہلے سیشن کی تیاریاں تکمیل کو پہنچ رہی ہیں اور داخلوں کیلئے پہلا پراسیس بھی مکمل ہو چکا ہے اور اساتذہ کی تعیناتی کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اگلے الیکشن کے بعد یونیورسٹی آف جھنگ کی تعمیر پہلے ڈیڑھ دو سال میں مکمل کر لی جائے گی اور جھنگ کے لوگوں سے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کیلئے میں اس عمل کی خود نگرانی کروں گا۔ اجلاس میں کمشنر فیصل آباد مومن علی آغا، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن بیرسٹر نبیل احمد اعوان ، شیخ وقاص اکرم، دیگر عمائدین اور ڈی سی جھنگ مدثر ریاض ملک نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔