سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نااہل ن لیگی حکومت کی مدت ختم ہونے پر ملک گیر ’’یوم نجات ‘‘ منایا گیا

جمعہ 1 جون 2018 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نااہل ن لیگی حکومت کی مدت ختم ہونے پر ملک گیر ’’یوم نجات ‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے اور افطاری کے بعد مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ یوم نجات کے موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور اور فیصل آباد میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہو گئی لیکن کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔

ن لیگی امیدواروں کو الیکشن کے دوران حکومت کے پانچ سالوں کا حساب دینا ہوگا۔ سبکدوش ہونے والی ن لیگی حکومت کی ناکامیاں زیادہ کامیابیاں کم ہیں۔ ن لیگی دور میں غیر ملکی قرضہ پچاس فیصد بڑھا۔ پنجاب حکومت نے صوبے کو 600 ارب کا مقروض بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی حبیب قادری نے شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ سال کے دوران حکمران خوشحال اور ملک بدحال ہو گیا ہے۔

لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے متعلق شریف فیملی کے دعوے کامیڈی شو ہیں۔ ن لیگ کی حکومت تاریخ می ناکام ترین حکومت تھی۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سید جوادالحسن کاظمی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ پچھلے پانچ سال کے دوران عوامی مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ یوم نجات کے موقع پر فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا، ملک بخش الہی، سمندری میں میاں فہیم اختر، گوجرانوالہ میں الحاج سرفراز احمد تارڑ، چھانا مانگا میں ارشد جاوید مصطفائی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، کراچی میں علامہ تنویرالاسلام، چنیوٹ میں خواجہ معین الدین گولڑوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔