الیکشن شیڈول رمضان المبارک کے مہینے میں جاری کرنا تشویشناک عمل ہے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

پاکستان سنی تحریک عوام کے دیرینہ مسائل کا حل اور آئینی طور پر شریعت کا نظام چاہتی ہے ،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 1 جون 2018 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول رمضان المبارک کے مہینے میں جاری کرنا تشویشناک عمل ہے ،کاغذات نامزدگی فارم کا شیڈول رمضان کے بعد رکھا جائے ،حلقہ بندیوں اور مردم شماری پر عوام کے خدشات دور کئے بغیر الیکشن شیڈول کا اعلانیہ حیران کن ہے ،کراچی سمیت ملک بھر میں مردم شماری پر تمام سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں مگر ایسالگتا ہے الیکشن کمیشن جلد بازی میں فیصلے کرکے کسی کیلئے راہ ہموار کررہا ہے ،انتخابی شیڈول کو متاثر کرنا نہیں چاہتے رمضان المبارک کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے تھا ،سخت گرمیوں ہیٹ ویو سے ہلاکتیں ہورہی ہیں ایسے موسم میں روزے داروں کو الیکشن شیڈول کے اعلان کو فالو کرنا تکلیف دہ اور مشکل ہے ،پاکستان سنی تحریک انتخابات چاہتی ہے مگر اس کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو مکمل آزادی فراہم کی جائے ،ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے بالخصوص مذہبی طبقے کو دشواریوں کا سامنا ہو،پانچ سال سے اقتدار میں چمٹے ے والوں نے عوام کوکچھ نہیں دیا ،عوامی مسائل جوں کے توں ہیں ،نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے ہمارے کارکنوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ،آئندہ بھی نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے عہدیداران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے سیاسی کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کے ناموں کی توثیق بھی کردی ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستاننے دعوئوں سے نہیں عملی جدوجہد اور جانوں کی قربانیاں دے کر انتہا پسندی ،دہشتگردی کے خاتمے اسلام مخالف قانون کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ،پاکستان سنی تحریک عوام کے دیرینہ مسائل کا حل اور آئینی طور پر شریعت کا نظام چاہتے ہیں ،اہلسنت امن پسند ملک کی اکثریت ہے ٹکڑوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کومضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ،چہرے نہیں سسٹم کو مضبوط بنانا ہوگا،ایسا سسٹم ہونا چاہیے کہ عوام کو تعلیم وانصاف اور صحت بھرپور طریقے سے فراہم ہوسکے۔