لاہور،عوامی رکشہ یونین پاکستان کے کارکنوں کا ایل پی جی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 1 جون 2018 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے کارکنوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کے خلاف جوہر ٹائون میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے کی۔احتجاجی مظاہرے میں رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے اعلان کیا ہے کہ اگرایل پی جی کی قیمتوں پر کنڑول نہ کیا گیا تو ٹائون ہال کے سامنے اپنے رکشے نذر آتش کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کا ضلعی انتظامیہ کا عملہ ایل پی جی کے ساتھ ملا ہوا جس کی وجہ سے گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہیں کر رہا یہی وجہ ہے کہ ایل پی جی مافیا کا حوصلہ بڑھ گیا ہے ۔80روپے فروخت ہونے والی ایل پی جی کا ریٹ اب 115روپے تک جا پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا کر کے ایل پی جی کا ریٹ بڑھا دیا گیا ہے۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ ہم چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مہنگائی اور گراں فروشی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوںنے ڈی سی لاہور سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اپنے عملے کی نااہلی اور بدیانتی کا نوٹس لیں۔جنہوں نے گیس کا ریٹ 115 روپے کرو ا دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم رمضان المبارک کے احترام میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے ۔

اس لئے رمضا ن المبارک میں ہم نے مصروف شہراہوں پر احتجاج نہیں کیا۔یکم جون نگران حکومت کا پہلا دن ہے اور نگران وزیر اعظم بھی انصاف کے علمبردار اور حق سچ کی آواز رہے ہیں ۔ہم ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ محنت کشوں ، مزدوروں اور ملک کی غریب عوام کا خیال رکھیں گے اور جان لیوا مہنگائی کا نوٹس لے کر غریبوںکے دل جیت لیں گے۔