لاہور میں آندھی اور طوفان کے باعث پی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان

طیاروں کو نقصان عملے کی غفلت کے باعث پہنچا ۔ ابتدائی رپورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جون 2018 11:39

لاہور میں آندھی اور طوفان کے باعث پی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جون 2018ء) : لاہور میں گذشتہ روز آنے والی تیز آندھی سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر دو طیاروں کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طیاروں کی مرمت کے لیے پی آئی اے انجینئرز ائیر پورٹ پہنچ گئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق طیاروں کو نقصان پی آئی اے کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث ہوا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افطار سے چند لمحے قبل گرد آلود طوفان کے بعد لاہور ہنگامی حالت کا شکار ہو گیا تھا۔تیز آندھی اور طوفان کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی۔ تیزآندھی اور طوفان کے باعث پروازں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان پی آئی اے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آندھی اورطوفان سے ایئر پورٹ پرکھڑے پی آئی اے کے 2طیاروں کو نقصان پہنچا ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد جانےوالے پی کے 654 کو واپس لاہور اتارا گیا تھا جبکہ دمام سے سیالکوٹ آنے والی پی کے 244 کو بھی لاہور اتارا گیا تھا۔دونوں طیاروں کوگراونڈ کرکےان کا تکنیکی معائنہ کیا گیا ۔ جبکہ دونوں پروازوں کیلیے متبادل طیاروں کے انتظامات کیے گئے ۔ اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ متبادل طیاروں کی فراہمی کا انحصار بھی موسم کی صورتحال پر ہے۔

آندھی اور طوفان کے باعث 450 فیڈرز ٹرپ کر جانے سے 70 فیصد شہر تاریکی میں ڈوب گیا ، مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے کافی دنوں سے سخت گرمی کی لپیٹ میں تھے ۔گزشتہ کتنے دنوں سے لاہور کا درجہ حرارت 40 سے اوپر جا رہا تھا جس کے باعث روزے میں شہریوں کی حالت خراب ہو رہی تھی اور ہر جانب سے موسم کی بہتری کے لیے دعائیں کی جا رہی تھیں ۔

آج موسم کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی تھی ۔پہلے پہل کشمیر اور بالائی پنجاب میں موسم نے کروٹ بدلی تو لاہور میں بھی اس کے اثرات آن پہنچے۔آج شام لاہور شدید آندھی کی زد میں تھا۔شہر بھر گرد کے طوفان کی زد میں آ یا ۔جس کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی تھی۔ائیر پورٹ پر آندھی کی رفتار 102 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔