بلدیہ ملیر میں جاری ترقیاتی کاموں کیلئے معیاری میٹریل استعمال کیا جائے ، جان محمد بلوچ

بدھ 6 جون 2018 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر کے دیہی اور مضافاتی علاقوںکو شہری علاقوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور اس مقصد کی تکمیل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کو درپیش مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت عوامی خدمت کے وژن پر کار بند ہیں ہم نمود و نمائش سے زیادہ عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں ، ترقیاتی کاموں کی مد میں ملنے والے فنڈز عوام کی امانت ہیں اور انہیں عوام کی فلاح و بہبود اور ملیر کی تعمیر و ترقی کیلئے خرچ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی 10 غازی دائود بروھی کی اندرونی گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈئری ، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیور بلاک کی تنصیب میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپروائی نہ برتی جائے، بلدیہ ملیر میں جاری ترقیاتی کاموں کیلئے معیاری میٹریل استعمال کیا جائے۔#