تاحیات نااہلی کیس،

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو 13 جون کو طلب کرلیا پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت، وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم

جمعرات 7 جون 2018 15:20

تاحیات نااہلی کیس،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر)پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئی13 جون کو لاہور طلب کر لیا اور وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف صاحب کون ہیں اور کیا کہتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں۔عدالت نے پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے پرویز مشرف کو 13 جون(بدھ)کو لاہور طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف 13 جون کو عدالت میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو الیکشن 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا فیصلہ موجودہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔پرویز مشرف کے خلاف ملک میں سنگین غداری کا مقدمہ بھی چل رہا ہے جس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ گزشتہ دنوں آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کیخلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا، پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں4 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف پاکستان آئیں گے۔