Live Updates

عمران خان کا موقف عوام کے دلوں کی آواز ہے ،تحریک انصاف

حکمرانوںکی کرپشن کا دور ختم ہوچکا ہے قوم تحریک انصاف کیساتھ کھڑی ہے ،صوبائی رہنمائوں کا تقریب سے خطاب

جمعرات 7 جون 2018 16:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماوں حاجی سیف اللہ خان کاکڑ، ملک سمندر خان کاسی ایڈووکیٹ، داود خان ، فرید کاکڑ نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 2018ء میں ہونے والے عام انتخابا ت میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور بر سراقتدار آکر صنعتی انقلاب لائے گی جس سے عوام خوشحال اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پنجپائی میں کارنر میٹنگ اورقوم پرست جماعت سے مستعفی ہوکر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا موقف عوام کے دلوں کی آواز ہے حکمرانوںکی کرپشن کا دور ختم ہوچکا ہے پوری قوم تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے عمران خان نے عوام کو ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا دیا ہے اس سے ملک ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کرنے والے قوم پرستوں نے ساڑھے چار سال تک بلوچستان کے عوام کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز خوردبرد کئے اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام آج بھی پینے کے صاف پانی ،صحت ،تعلیم سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست ایک مرتبہ پھر عوام کو لڑاکر ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں عوام اب باشعورہوچکے ہیں وہ ووٹ کی پرچی کے ذریعے قوم پرستوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عام انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اورعمرن خان ملک کے وزیراعظم ہونگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات