وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو اقلیتی برادریوں کے طلبا وطالبات کیلئے مختص وظائف کے ضمن میں 10ہزار سے زائد درخواستیں موصول،

وظائف پرائمری سے اعلی اورپیشہ وارانہ تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کو دئیے جائیں گے

ہفتہ 9 جون 2018 16:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات کیلئے مختص وظائف کے ضمن میں 10ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، یہ وظائف پرائمری سے لیکر اعلی اورپیشہ وارانہ تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کو دئیے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ذرائع کے مطابق وزارت نے اس سلسلے میں ا قلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات سے درخواستیں طلب کی تھیں اوراب تک مختلف کیٹیگریز میں 10 ہزار سے زائد طلبا وطالبات نے درخواستیں جمع کرائی ہیں ان درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے اور سکروٹنی کے بعد مستحق طلبا و طالبات کو 60ہزار روپے سالانہ کی شرح سے وظائف دئیے جائیں گے، اس مقصد کیلئے مجموعی طورپر20.5 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان وظائف کیلئے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت ہندو، سکھ، مسیحی ، بدھ مت اوردیگر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے وہ طلبا وطالبات درخواست دینے کے اہل ہیں جنہوں نے اپنے آخری سالانہ امتحان میں کم سے کم 50 فیصد نمبرز حاصل کئے ہوں ، اسی طرح درخواست دینے والے طلبا و طالبات کے والدین کی ماہانہ آمدنی 10 ہزارروپے سے زائد نہیں ہونی چاہئیے، اعلی کلاسوں کیلئے درخواستیں دینے والے طلبا کے والدین کیلئے آمدنی کی حد 20 ہزارروپے مقرر کی گئی ہے۔