نگراں حکومت کے دور میں بھی واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی کرپشن کا جاری رہنا تکلیف دہ بات ہے،فردوس شمیم نقوی

ہفتہ 9 جون 2018 19:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے دور میں بھی واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی کرپشن کا جاری رہنا تکلیف دہ بات ہے۔ سندھ کی نگراں حکومت کو چاہئے کہ ٹینکر مافیا اور واٹر بورڈ کے گٹھ جوڑ کا نوٹس لے اور کراچی کے شہریوں کو پانی کی سستی ترسیل یقینی بنائے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس ‘‘کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوٹ مار کے لیے آن لائن سروس کا بہانہ کیاجارہا ہے ، جبکہ کرپشن اس سے پہلے بھی عروج پر تھی۔ آن لائن سروس سے ٹینکر آجائیں تو ایکسٹرا چارجز کے نام پر کرپشن کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

واٹر بورڈ کے عملے اور افسران کے منہ کو حرام لگ چکا ہے اور وہ نگراں حکومت کی نگرانی میں بھی دھوکہ دہی سے باز نہیں آرہے۔

کراچی کے شہریوں کو پانی کی بوند بوند کے لیے ترسانے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔ کراچی کے شہری واٹر بورڈ سے مفت پانی طلب نہیں کرتے، بلکہ اس کے لیے پیسے دیتے ہیں۔ اس کے باوجود واٹر بورڈ کی طرف سے حرام خوری مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری پر دکانداروں کے خلاف تو کارروائی کی گئی، اب ایک نظر واٹر بورڈ پر بھی ڈال لیجئے۔ پی پی کی سندھ حکومت نے تو ستر فیصد سندھ کو گندہ پانی پینے پر مجبور کردیا تھا، آپ کے دورِحکومت میں تو کچھ ریلیف ملے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کی مشکلات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اقتدار میں آکر پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔