الیکشن کو سلیکشن بنایا گیا تو قوم نتائج قبول نہیں کرے گی، 25 جولائی ایم ایم اے کی فتح و نصرت کا دن ثابت ہو گا،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

ہفتہ 9 جون 2018 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لوٹوں کی دکان بن چکی ہے۔ الیکشن کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن مشترکہ کوششیں کریں۔ الیکشن کو سلیکشن بنایا گیا تو قوم نتائج قبول نہیں کرے گی۔

25 جولائی ایم ایم اے کی فتح و نصرت کا دن ثابت ہو گا۔ قوم نے ووٹ کا درست استعمال نہ کیا تو اگلے پانچ سال پچھتائے گی۔ قوم دین دوست اور اسلام پسند امیدواروں کو کامیاب کروائے۔ ووٹرز اپنی تقدیر بدلنے کے لئے اپنی سوچ کو بدلیں اور اپنے طبقے کے دیانتدار اور صالح امیدواروں کو ووٹ دیں۔ایم ایم اے اقتدار میں آ کر شرعی نظام نافذ کر کے عوام کی محرومیوں کا مداوا کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ اب کرپٹ نظام ختم ہو کر رہے گا۔ ناچ گانے والی دھرنا پارٹی کی اخلاقی ساکھ ختم ہو چکی ہے۔ پاکستان میں بیرونی قوتوں کا ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے۔ عالمی طاقتیں دینی قوتوں کی انتخابی کامیابی کو روکنے کے لئے سازشیں کر رہی ہیں۔

ایم ایم اے کے عوامی اور اسلامی منشور میں ملک اور قوم کو درپیش ہر مسئلے کا حل پیش کیا گیا ہے۔ انتخابات التوا کا شکار ہوئے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں بروقت انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ موقف اختیار کریں۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ عید کے بعد ہر گھر پر ایم ایم اے کا جھنڈا لہرائے گا۔ کتاب کا نشان عوام کے دلوں میں اتر گیا ہے۔ ایم ایم اے کی بھرپور ملک گیر انتخابی مہم کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی تیار کر لی ہے۔ عید کے بعد بڑے جلسے منعقد کر کے اپنی سیاسی و عوامی طاقت کا بھرپور ثبوت دیں گے۔