کوئٹہ مقامی عدالت میں ،8صوبائی حلقوں کی ڈی لمیٹیشن کے بارے میں دئیے گئے فیصلے پرعملدرآمد نہ ہونے کی سماعت

پیر 11 جون 2018 20:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیراحمد لانگو پرمشتمل بینچ نے پشتونخوامیپ کے رہنماء نصراللہ زیرے ودیگر کی جانب سے ہائی کورٹ کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے 8صوبائی حلقوں کی ڈی لمیٹیشن کے بارے میں دئیے گئے فیصلے پرعملدرآمد نہ ہونے سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کی گئی ،درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار نصراللہ زیرے ودیگر کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ پیش ہوئے سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو سپریم کورٹ کا تفصیلی آرڈر پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ نے تفصیلی فیصلہ جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی بعدازاں عدالت نے آئینی درخواست کی سماعت ملتوی کردی ،درخواست گزاران کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے کوئٹہ کے 8صوبائی حلقوں کی ڈی لمیٹیشن کا حکم دیاگیاتھا لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے پرعملدرآمد نہیں کیاجارہا اس لئے ہائی کورٹ فیصلے پرعملدرآمد کیلئے احکامات جاری کریں ۔