پیپلزپارٹی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ٹکٹیں دینے کے فیصلے پر متفق ہیں ، سینئر رہنما پیپلز پارٹی نذیر بھٹو

ملیر کے کارکنان کے کئی خدشات ہیں پارٹی کے بلانے پر کارکنان کے تمام خدشات سے آگاہی دی جائے گی

پیر 11 جون 2018 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ملیر کے سینئر رہنما نذیر بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ٹکٹیں دینے کے فیصلے پر متفق ہیں ۔ ملیر کے کارکنان کے کئی خدشات ہیں پارٹی کے بلانے پر کارکنان کے تمام خدشات سے آگاہی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ٹکٹیں دینے کے فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی ملیر کے سینئر رہنما نذیر احمد بھٹو نے عوامی پریس کلب ملیر کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے جس کو کوئی بھی آمر توڑ نہیں سکا، شہید زندہ ہیں ان کی پارٹی کو نقصان پہنچانے والا کوئی ماں کا لال پیدا ہی نہیں ہوا ، ایک ہی گھر میں دو افراد ناراض ہوسکتے ہیں لیکن گھر نہیں چھوڑ سکتے تمام پارٹیوں کے کارکنان میں خدشات ہوتے ہیں پارٹی کی اعلیٰ قیادت ان کے خدشات سننے کے بعد کارکنان کے خدشات دور کرکے پارٹی کو مضبوط کیا جاتا ہے ، ہمیں امید ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت ملیر کے کارکنان کے خدشات سننے کے بعد کارکنان میں چھائی ہوئی مایوسی دور کرکے پارٹی کو مضبوط کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پارٹی کی جانب سے ٹکٹوں کا اعلان کیا گیا ہے ٹکٹیں دینے کے وقت بلایا گیا توپارٹی قیادت کو ملیر کے کارکنان کے خدشات سے آگاہی دوں گااس کے بعدجو بھی پارٹی قیادت فیصلہ کرے گی وہ ہر کارکن کو قابل قبول ہوگا۔