پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

سابق حکومت کی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے ،ْ خورشید شاہ

منگل 12 جون 2018 15:33

پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔اس ضمن میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماسید خورشید شاہ نے کہاکہ روپے کی قدر میں شدید کمی سے سابقہ حکومت کی مصنوعی معاشی ترقی کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔

(جاری ہے)

پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا، نگران حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے، گزشتہ حکومت کی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی تھی، اب نگران حکومت کو اس ڈگر پر نہیں چلنا چاہئے، پاکستان پیپلز پارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ عید سے قبل مہنگائی کا یہ طوفان عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے، نگران حکومت پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔