نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام کی ملاقات

پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائینگے‘ڈاکٹرحسن عسکری

جمعہ 15 جون 2018 18:27

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام نے ملاقات کی ،جس میں آزادانہ ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کیلئے آخری حد تک جائے گی۔

پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نگران حکومت کو جو ذمہ داری دی گئی ہے اسے قومی فریضہ سمجھ کر پورا کریں گے۔ غیرجانبدار انہ الیکشن کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوںنے کہا کہ آپ پروفیشنل آفیسرز ہیں،آپ نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرنی ہے ۔

(جاری ہے)

کوئی مداخلت یادباؤ برداشت نہیں کرنا ۔ انہوںنے کہا کہ عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کریںگے۔آپ کی کارکردگی بولے گی توکوئی انگلی نہیں اٹھاسکے گا۔انہوںنے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔عام انتخابات میں ووٹرز پرامن ماحول میں آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس ضمن میں فعال اورمتحرک کردارادا کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہمارا سیاسی ایجنڈا تھا ،نہ ہے اورنہ ہوگا۔نگران حکومت شفاف الیکشن کرانے کی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائے گی۔