بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے واقعات میں بچوں اور خاتون سمیت 8افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ درجن سے زائد زخمی ہو گئے

پیر 18 جون 2018 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے واقعات میں بچوں اور خاتون سمیت 8افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر 2 مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ژوب کے علاقے سنگر کے قریب تیز رفتار پک اپ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 9 سالہ بچہ وکیل خان جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں زخمی بچوں کی عمریں پانچ سے 8 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔جنہیں طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ ہسپتال ژوب منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوئٹہ میں نجیبہ نامی خاتون کی نعش کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جو سر پر گولی لگنے سے جان کی بازی ہار چکی ہے اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے۔

علاوہ ازیں ژوب کے علاقے توریان کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 8 سالہ خانہ بدوش لڑکی موقع پر جان کی بازی ہار چکی ہے جن کی نعش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء قلات کے علاقے خالق آباد میں پرانی دشمنی کی بناء پر فائرنگ سے ہزار خان شاہوانی جاں بحق ہو گیا ہے جن کی نعش کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں رفیع الحق نامی شخص کو مردہ حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان نے خود کشی کی ہے تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مرنے والے نوجوان کو گولی ماری گئی ہے اس سلسلے میں متعلقہ حکام تفتیش کر رہے ہیں اس کے ساتھ ہی خضدار کے علاقے میں ٹوڈی گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار مجیب الرحمٰن جان کی بازی ہار گیا ہے جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نوشکی کے کلی شریف خان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد رحیم داد اور جانوخان شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم واقعہ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہے۔شہید سکندر آباد سوراب اور گدر ایریا میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سواران علی اکبر اور عزیذ احمد بارانزئی سکنہ سوراب شدید زخمی ہو گئے ہیں بلکہ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت فرار ہونے والے گاڑی ڈرائیور کو پکڑ کر انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے جبکہ زخمیوں کو کوئٹہ مبتقل کر دیا گیا ہے۔

حب کے شاہ نورانی درگاہ پر زیارت کے بعدواپس جانے والے افراد کا لنک لوہار کے قریب رکشہ الٹ گیا جس میں بچوں سمیت 6افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ مستونگ کراس کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔