گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے، کئی کئی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے،ہدایت الرحمان بلوچ

منگل 19 جون 2018 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاہے کہ گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ سخت گرمی کے مہینوںمیں بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کابراحال کاروبارتباہ،تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حالت خراب ہے جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت ولوڈشیڈنگ کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں۔

رہی سہی کسر واپڈا حکام کی جانب سے اووربلنگ نے پوری کردی ہے۔بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے حکومت کا اخلاص ضروری ہے اور فوری طور پر نئے ڈیم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔جب تک چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی اُس وقت تک لوڈشیڈنگ کے بحران سے نمٹانہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میںعوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار کے پانچ سال پورے کردیے ہیں مگراپنے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کرپائے۔لوڈشیڈنگ،مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،رشوت خوری،میرٹ کے برعکس تعیناتیاں اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل جوں کے توں موجودہیں۔شعبہ ہائے زندگی کے کسی بھی سیکٹر میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔

حکمرانوں نے سڑکوں کی توڑپھوڑ کانام ترقی رکھ دیاہے۔ صوبے کے ایک کروڑ عوام بے یارومددگار ہیں ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔نوجوان اور پڑھے لکھے افراد جرائم کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمرانوں کو عوامی مشکلات سے کوئی غرض نہیں۔اقرباپروری کے باعث ادارے تباہ حال ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں ناکام حکمرانوں کااحتساب کریں اور انہیں دوبارہ قوم کو مسلط ہونے سے رکھوائے حکمرانوں کی ناقص پالیسوں کی بدولت مہنگائی کاعذاب عوام پر مسلط ہے۔حکومت نے رمضان میں اور نہ ہی عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دیا حکومت برائے نام رہ گئی ہے ۔