جسٹس (ر)ناصرالملک کو ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

موجودہ چیلنجز پرقابو پانے کیلئے ایک جامع پلان تیار کیا جائے جو آنے والی منتخب حکومت کو پیش کیاجائے گا‘نگران وزیراعظم

منگل 19 جون 2018 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) نگران وزیراعظم پاکستان جسٹس (ر)ناصرالملک کو وزیر اعظم ہاس میں ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں وفاقی وزیر ریلویز مسز روشن خورشید بروچہ سیکرٹری ٹو وزیراعظم سہیل عامر، سیکرٹری ریلویز محمدجاوید انور اور وزارتِ ریلویز کے سینئرز افسران نے شرکت کی۔وزیر اعظم کو پاکستان ریلویز کے انتظامی ڈھانچے، پورے ملک میں پھیلے ہوئے ریل نیٹ ورک، گزشتہ سالوں کی کارکردگی اور نیشنل وژن 2025میں ریلوے سیکٹر کی مستقبل کی ترقیاتی سٹریٹیجی کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کوپاکستان ریلوے کے بزنس پلان اور اس کی بہتری اور ترقی کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدام جنہوں نے اس کی آمد ن بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا کے بارے میں بتایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیاکہ ریلوے کی صحیح اور متوازن سمت متعین کرنے کی وجہ سے اس کے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جوکہ 2013میں 13فیصد سے بڑھ کر 2017میں 31فیصدہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 2011-12میں 15.5بلین کمانے والے محکمے نے 2017-18میں50بلین روپے کی ریکارڈ آمدن کی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان کو سی پیک کے تحت ریلوے کے مختلف منصوبوں کی توسیع کے حوالے سے بھی بتایاگیا جس میں کراچی سے حویلیاں تک مین لائن ون (ایم ایل ون)میں ہونے والی اپ گریڈیشن، کوٹری سے اٹک (ایم ایل ٹو)کی اپ گریڈیشن کی مکمل کی گئی فزیبیلیٹی سٹڈی شامل ہے۔

انہیں آگاہ کیاگیاکہ گوادر سے بسیمہ، جیکب آباد، ایم ایل ٹو پراجیکٹ کی توسیع اور بسیمہ سے کوئٹہ اور ایم ایل تھری کوئٹہ سے بوستان، ژوب، ڈی آئی خان، کوٹلہ جام منصوبوں کی توسیع کی فزیبلٹی سٹڈی تیاری کے مراحل میں ہے۔انہیں پاکستان ریلوے کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بتایا گیا جس میں سب سے اہم پنشن کے واجبات ہیں جس پر محکمے کے ٹوٹل اخراجات کا 34فیصد صرف ہوتاہے۔

وزیراعظم پاکستان نے ریلوے کی کارگردگی کو سراہا خاص طور پر بزنس سٹریٹیجک پلان کے تحت کئے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک کے آنے سے پاکستان ریلوے کاا سکوپ بڑھ جائے گا ۔ جس میں ریلوے کے لیے اپنی کارکردگی مزید بہترکرنا، فریٹ اور پسنجر دونوں کو بڑھانا اوراپنے مسافروں کو بہتر سروس مہیاکرنا بہت اہم ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے ہدایت کی کہ موجودہ چیلنجز پرقابو پانے کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے جو آنے والی منتخب حکومت کو پیش کیاجائے گا۔