اثاثے چھپانے والے قوم کے مجرم ہیں ،یہ رہبری کے حقدار نہیں ، الطاف شکور

جمعہ 22 جون 2018 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ اربوں کھربوں روپے کے نامزدگی فارموں میں اثاثہ جات چھپانے اور کرپشن کرنے والے سیاستدان عوام کی رہبری کے حقدار نہیں ،یہ قوم کے مجرم ہیں۔ جنہیں ذاتی مفاد عزیز ہو وہ ملکی مفاد کو کسی بھی وقت گروی رکھ دیتے ہیں ۔ جاگیرداروں اور وڈیروں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ان سب نے انگریزوں کی چاکری کی اور مسلمانوں کے خون سے ہاتھ رنگے جس کے عوض انگریزوں نے انہیں بڑی بڑی جاگیروں سے نوازا ۔

یہی وجہ ہے کہ یہ آج عوام پر مسلط ہیں اور سیاسی پارٹیوں میں بھی اپنی اجارہ داری قائم رکھے ہوئے ہیں ۔پاسبان نے پہلے عوام کی خدمت کی اور اب سیاست کے میدان سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمہ کے لئے میدان سیاست میں داخل ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

پاسبان کے نامزد کردہ امیدواروں میں کوئی وڈیرہ اور جاگیر دار نہیں۔ پاسبان تمام سیاسی جماعتوں میں واحد پارٹی ہے جس کا صدر کسی حلقہ سے الیکشن نہیں لڑرہا ہے بلکہ پاسبان نے عام آدمیوں کو ٹکٹ جاری کرکے جاگیرداری نظام پر وار کیا ہے ۔

وہ گذشتہ شب فیڈر ل بی ایریا میں پاسبان کے نامزد امیدواروں اور عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم ،کراچی کے صدر وNA-253کے نامزکردہ امیدوارعبدالحاکم قائد،NA-252کے امیدوارقمر صدیقی ،NA-238کے زین العابدین ،PS-95محمد طیب ،PS-98کلیم اللہ ،PS-107فضل ربی خان ،PS-108تنویر احمد بلوچ ، PS-113 علی خان ،PS-117ظفر اقبال ،PS-120رحمان گل ،PS-124دانش ،PS-127آصف احمد ،PS-129محمدصادق ،PS-130 کے امیدوارآصف بخش نے بھی خطاب کیا ۔

الطاف شکورنے اپنے خطاب میں کہا کہ عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ،انصاف کے نظام کے قیام ،قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی باعزت واپسی اور کراچی کو میگا سٹی کا آئینی درجہ دلوانے کے لئے پاسبان میدان میں آئی ہے اور پاسبان کے امیدوار کامیاب ہوکر اس کے لئے قانون سازی کروائیں گے ۔ الطاف شکور نے کہا کہ کرپٹ الیکٹ ایبلز جو کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں اور اسمبلی میں جاکر اربوں روپے کماتے ہیں اب ان کو ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا ۔

عثمان معظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نہیں ظالم وڈیروں کی جماعت بن چکی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے حلقہ میں ام رباب اور تانیہ خاصخیلی کے ساتھ جوواقعات ہوئے وہ ثابت کرتے ہیں کہ ان وڈیروں کے ہاتھوں میں بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں ۔ پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے محدود وسائل کے ساتھ مخلص ،عوام دوست ،بہادر اور اہلیت رکھنے والی ٹیم کو میدان میں اتارا ہے