عدلیہ مخالف تقریر کیس ، احسن اقبال کی جانب سے کارروائی انتخابات تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد ، تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم

بچوں کو ملکی پالیسی کے بارے میں بتانے گئے اور ججز پر بات کرنے لگ گئے،کیا وہ عدلیہ کے بارے میں گفتگو کیلئے درست پلیٹ فارم تھا‘جسٹس علی اکبر نقوی کا احسن اقبال سے استفسار

جمعہ 22 جون 2018 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبرنقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بنچ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس پر سماعت کی۔ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

احسن اقبال کے وکیل نے کیس کی کارروائی انتخابات تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں احسن اقبال کی تقریر پراجیکٹر پر دوبارہ چلا ئی گئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبرنقوی نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ملکی پالیسی کے بارے میں بتانے گئے اور ججز پر بات کرنے لگ گئے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جس تقریب میں گئے تھے کیا وہ عدلیہ کے بارے میں گفتگو کیلئے درست پلیٹ فارم تھا۔ جس پر احسن اقبال نے بتایا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور ملک کی خدمت کیلئے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔فل بنچ نے سابق وزیرداخلہ کو تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 29جون تک ملتوی کردی۔