ملک بھر کی طرح چاغی میں بھی تبدیلی آئے گی، ملک امان اللہ نوتیزئی

ولائی صرف الیکشن نہیں بلکہ یوم حساب بھی ہوگا جو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا حشر نشر کرے گا،پی ٹی آئی امیدوار کی عوامی وفود سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 22:39

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے پی بی 34 چاغی ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح چاغی میں بھی تبدیلی آئے گی . انہوں نے کہا کہ چاغی کی عوام 15 سالوں تک اقتدار اور وزارتوں کے مزے لینے والوں سے بے زار ہوچکے ہیں اتنے عرصے میں لوگ کہاں سے کہاں پہنچ گئی جبکہ ہم ترقی کی بجائے تنزلی کا شکار ہوچکے ہیں جس کا ذمہ دار 15 سالوں تک مسلط رہنے والے نام نہاد عوامی نمائندے ہیں.

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رہائشگاہ میں دالبندین اور نوکنڈی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال چاغی کے باسی زندگی کی بنیادی سہولیات پینے کے پانی، صحت، تعلیم اور روزگار کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ عوامی نمائندوں نے عوام کے پیسے چوری کرکے ملک کے بڑے بڑے شہروں سمیت بیرون ممالک بیش بہا محلات بنالیئے انہوں نے کہا کہ چاغی بدل چکا ہے سیاسی فنکار یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ جدید دور اور سوشل میڈیا کے ہوتے ہوئے وہ دروغ گوئی اور دھوکہ بازی سے ووٹ لے سکیں گے یا دھاندلی کرکے الیکشن جیت لیں گے کیونکہ 25 جولائی صرف الیکشن نہیں بلکہ یوم حساب بھی ہوگا جو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا حشر نشر کرے گا.

انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے وہ چاغی کو مزید پسماندہ، یرغمال اور لاوارث نہیں بننے دیں گے اور 25 جولائی کو اس عوامی فیصلے کا اعلان ہوگا. انہوں نے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس، کارکن اور ہمدرد افواہوں پر کان نہ دھریں پی ٹی آئی ملک بھر سمیت پی بی 34 پر بھی کرپٹ مافیا اور روایتی سیاستدان کے خلاف بھرپور انتخابی مہم چلاکر ڈٹ کے الیکشن لڑے گی اور یہ ثابت کردے گی کہ پی ٹی آئی ہی ملک بھر سمیت چاغی کے عوام کی امنگوں کا اصل ترجمان ہے