امریکی صدر ٹرمپ کا امیگریشن بحران ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا عزم

ہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے ہم اپنے ملک کو محفوظ بنائیں گے،تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 12:44

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) امریکہ کی امیگریشن پالیسی سے متعلق رواں ہفتے اپنے فیصلے میں تبدیلی کے باوجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر اس ملک میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، امیگریشن بحران کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیں گے۔امریکی ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے وائٹ ہاوس سے متصل آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ کے آڈیٹوریم میں اپنے خطاب میں کیا جہاں ایسے خاندانوں کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جن کے رشتے داروں میں سے کوئی نہ کوئی غیرقانونی طور پر امریکہ داخل ہونے والے تارکین وطن کے ہاتھوں ہلاک ہو چکا ہے۔

صدر نے ان خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا نقصان ضائع نہ جائے گا۔

(جاری ہے)

ہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے ہم اپنے ملک کو محفوظ بنائیں گے۔ٹرمپ نے ان خاندانوں کے کچھ افراد کو دعوت بھی دی کہ وہ اسٹیج پر آ کر اپنے مارے جانے والے پیاروں کے بارے میں لوگوں کو بتائیں۔ ایسے متعدد افراد نے اظہار خیال کرتے ہوئے میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے بقول ان افراد کی کہانیوں پر نظر نہیں ڈال رہا۔

ان لوگوں نے سرحدی سکیورٹی پر توجہ دینے پر صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا شکریہ ادا کیا۔ٹرمپ نے اپنی تقریر میں یہ حوالہ بھی دیا کہ امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے مقامی لوگوں کی نسبت زیادہ جرائم میں ملوث ہیں۔ٹرمپ نے ٹّوئٹر پر ڈیموکریٹ قانون سازوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی بھرمار کی اجازت نہیں دے سکتے جیسا کہ ڈیموکریٹس افسردگی اور دکھ کی جھوٹی کہانیاں سنا رہے ہیں، امید ہے کہ یہ انھیں نومبرکے انتخابات میں مدد دیں گی۔