مسلم لیگی رہنماؤں کا گڈانی کے ساحل پر 7افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت

ہفتہ 23 جون 2018 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیا اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے گڈانی کے ساحل پر 7افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث سمندر میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔

جون جولائی کے مہینے میں سمندر انتہائی خطرناک ہوجاتا ہے ایسے میں شہریوں کوبھی احتیاط برتنی چاہیے ۔ہفتہ کو جاری تعزیتی بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ گڈانی میں ایک ہی خاندان کے 7افراد کا ڈوب جانا کسی المیے سے کم نہیں ہے ۔دنیا بھر میں ساحلی مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاتا ہے لیکن ہمارے ساحلی علاقوں میں صورت حال یکسر مختلف ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کے لیے نہ تو لائف جیکٹس کا انتظام ہوتا ہے اور نہ ہی لائف گارڈز مہیا ہوتے ہیں ۔جون جولائی کے مہینوں میں سمندر کا بہاؤ انتہائی تیز ہوتا ہے اور کئی کئی فٹ اونچی لہریں اٹھ رہی ہوتی ہیں ایسی صورت حال میں عوام کو احتیاط سے کام لینا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ گہرے پانی میں نہ جائیں ۔انہوںنے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔