قلعہ عبداللہ میں امن کا قیام ،تعلیم اور صحت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، بسم اللہ خان کاکڑ

زیر زمین پانی کی سطح کو بچانے کیلئے بڑے پیمانے پر ڈیمز بنائے جائینگے، پیپلز پارٹی امیدوار کا کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 21:44

قلعہ عبداللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور امیدواربرائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 263اور حلقہ پی بی 21قلعہ عبداللہ کے امیدواربسم اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ قلعہ عبداللہ میں امن کا قیام ،تعلیم اور صحت کے اداروں کی فعالیت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،زیر زمین پانی کی سطح کو بچانے کیلئے بڑے پیمانے پر ڈیمز بنائے جائینگے ۔

ان خیالات کا اظہار بسم اللہ خان کاکڑ نے گزشتہ روز قلعہ عبداللہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ضلع قلعہ عبداللہ میں امن وامان کا قیام سمیت تعلیم اور صحت کے اداروں کو مکمل طور پر فعال بنایا جائیگا ضلع قلعہ عبداللہ ایک حساس ضلع ہے جس کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہے یہاں امن وامان کا ہمیشہ مسئلہ رہتا ہے میری کوشش ہوگی کہ یہاں انتظامیہ کے تعاون سے لوگوں کو پرامن زندگی دینگے انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں تعلیم کی صورتحال بہت خراب ہے تعلیم ہی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے اسی لئے حلقے میں کالجز اور ٹیکنکل تعلیمی اداروں کو قائم کیا جائیگا بیروزگار نوجوانوں کو روز گا ر دیا جائیگا کیونکہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھر رہے ہیں ان کیلئے روزگا ر کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے ،تعلیم کی طرح صحت کے مراکز بھی تباہی کا شکار ہے گزشتہ سالوں میں تعلیم کی طرح صحت پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی جس سے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں میسر نہیں ہے اور لوگ علاج کیلئے دربدر ہورہے ہیں ہر علاقے میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے صحت مراکز قائم کئے جائینگے تاکہ لوگوں کو علاج معالجے کے حوالے سے آسانی ہو،انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے لوگوں کی معیشت کا دارومدارزراعت پر ہے یہاں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے گر گئی ہے اس کو اوپر لانے کیلئے چیک اور ڈیلے ایکشن ڈیم بنانے کو ترجیح دینگے انہوں نے کہا کہ ضلع کے دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات اٹھانے ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔