ولائی سیاست کے فرعونوں کی رسوائی کا دن ثابت ہو گا،حامد رضا

کرپشن کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں، قوم ووٹ کا درست استعمال کر کے نئے انقلاب کی بنیاد رکھے گی، کارکنان کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 22:28

ولائی سیاست کے فرعونوں کی رسوائی کا دن ثابت ہو گا،حامد رضا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 25 جولائی سیاست کے فرعونوں کی رسوائی کا دن ثابت ہو گا۔ کرپشن کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں۔ قوم ووٹ کا درست استعمال کر کے نئے انقلاب کی بنیاد رکھے گی۔ قوم کو ذلت اور اذیت دینے والے عوام کے موڈ سے خوفزدہ ہیں۔ ن لیگ میں پھیلتی بغاوت اب رک نہیں سکے گی۔

بار بار اقتدار میں آنے والے کارکنان کو مزارع سمجھتے ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان سیاسی فرعونوں کی دکان کے سیلز مین نہ بنیں۔ ملک کو نئی قیادت اور نئے نظام کی ضرورت ہے۔ نرم انقلاب نہ آیا تو خوفناک خونی انقلاب آئے گا۔ قوم چند مخصوص خاندانوں کی مسلسل حکمرانی سے تنگ آ چکی ہے۔ کرپشن کے خلاف عوام کی نفرت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

قوم اپنی تقدیر بدلنے کے لئے اپنے نمائندے بدلے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 100 کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو پاکستان کی قومی زندگی کا اہم فیصلہ ہو گا۔ ٹکٹوں کی غلط تقسیم پر تمام جماعتوں کے کارکنان کا احتجاج مثبت تبدیلی ہے۔ کارکنان اپنی قیادتوں کے غلط فیصلوں کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات پیدا کریں۔ شخصیت پرستی بت پرستی سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے۔

جمہوریت کو شنہشاہیت میں بدلنے والے قومی مجرم ہیں۔ حقیقی جمہوریت کے آنے سے عوام رعایا سے شہری کا درجہ حاصل کریں گے۔ انتخابات کے نتائج پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھنے والوں کی آنکھیں کھول دیں گے۔ غلامان رسول انتخابی معرکہ جیتنے کے لئے صف بندی کر لیں۔ ہمارا اصل مقابلہ امریکہ اور بھارت کے حواریوں سے ہے۔ ہم ووٹرز سے کئے وعدے پورے کریں گے اور اپنے سپورٹرز کو مایوس نہیں کریں گے۔