مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈینگی مچھر سے نجات کیلئے اقدامات کئے جائیں ‘ نگراں صوبائی وزیر سعدیہ رضوی

ہفتہ 23 جون 2018 23:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) سندھ کی نگراں صوبائی وزیر صحت،تعلیم اور بہبود آبادی ڈاکٹر سعدیہ رضوی سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈینگی کنٹرول پروگرام سے ملاقات میں ممکنہ مون سون بارشو ں کے پیش نظر ڈینگی مچھر سے نجات کیلئے اقداما ت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پرو جیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر رشید نے صوبائی وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2018ء کے اعداد شمار کے مطابق صوبے بھر سے ڈینگی کے 617کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 1مریض کی ہلاکت ہوگئی جبکہ 2017ء میں مریضوں کی تعداد 2927اور ہلاکتوں کی تعداد 12 تھی ۔

سندھ میں سب سے زیا دہ کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے جس کا تناسب 98فیصد ہے ۔ ڈاکٹر رشید نے بتایا کہ شہر کرا چی میں سیوریج کا خراب نظام کے باعث مچھروں کی افزائش نسل ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رشید نے بتایا کہ ہم محکمہ بلدیات اور میئر سے رابطے میں ہیں اور شہر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے کام کیلئے سروے مکمل کر لیا اور آئندہ کچھ دنوں میں شہر کے تمام متاثرہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہم کا آغاز کیا جائیگا ۔

ڈاکٹر رشید نے بتایا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوام کی آگاہی مہم انتہائی ضروری ہے اس حوالے سے اخبارات اور ٹی وی چینلز پر عوام کو ڈینگی اور مچھروں سے بچائو کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے ۔صوبائی وزیر نے اس حوالے سے ہر ممکن مدد فرا ہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہو ئے کہا کہ عوام کی بھلائی اور علاج و بہبود کے کام کیلئے تما م تر اقدامات فو ر ی طور پر کئے جائیں اس سلسلے میں میں کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی کیونکہ یہ کام نہایت حساس نوعیت کے ہیں اور ہمار ی کسی بھی لاپرواہی سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے دیگر محکموں سے تعاون اور رابطے کرنے میں کسی بھی قسم کی دشواری پیش آئے تو فوری طور پر مجھے آگاہ کیا جائے۔