Live Updates

ہمارا راستہ گالی نہیں خوشحالی ہے ،

عوامی خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھیں گے ‘پرویز ملک مخالفین نے انتشار لاک ڈاؤن کی سیاست ہم نے دن رات محنت سے اپنے وعدے پورے کئے ‘ خواجہ عمران نذیر

پیر 25 جون 2018 13:35

ہمارا راستہ گالی نہیں خوشحالی ہے ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہمارا راستہ گالی نہیں، خوشحالی ہے ،مخالفین نے الزامات کی سیاست کی اور ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے، دن رات محنت کی اور عوام کی خدمت کی اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقوں میں الیکشن مہم کے دوران چیئر مینوں وائس چیئر مینوں کونسلرزاورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کے لیڈر عمران نیازی کی سیاست جھوٹ،الزام تراشی، انتشار، دھرنے، لاک ڈائون اور سول نا فرمانی کے گرد گھومتی ہے۔دن رات جھوٹ بولا، الزام تراشی کی جبکہ ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے،دھرنوں، لاک ڈاؤنوں اور انتشار کی سیاست کی اور قومی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ہمیں دوبارہ موقع ملا تو آپ کو آپ کا حق دیں گے، دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والا لیڈرکبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتا او رایسا لیڈر مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھی بات نہیں کرسکتا۔

انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ کے ترقیاتی کاموں کے خوف سے مخالفین کے اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں، نااہلی کے باوجود بھی ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، ان کی مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں، ان کی وجہ سے ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھنے والے اکٹھے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات