واپڈا پاکستان میں انجینئرنگ کا سب سے بڑا ادارہ ہے ، جس کا اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ہے‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین

وفد پاکستان کے 6 روزہ سرکاری دورے پر ہے ، دورے کا مقصد واپڈا کے تجربات اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنا ہے‘چیئرمین واپڈا

پیر 25 جون 2018 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر ) مزمل حسین سے مالدیپ کی سٹیٹ الیکٹرک کمپنی کی4 رُکنی وفد نے واپڈاہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد کی سربراہی کمپنی کے چیئرمین احمد ایمن کر رہے تھے ۔ وفد پاکستان کے 6 روزہ سرکاری دورے پر ہے ۔ جس کا مقصد مالدیپ میں پاور سیکٹر انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے واپڈا کے تجربات اور اِس کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنا ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے وفد کوواپڈا کے فرائض منصبی، گزشتہ 60برس میں واپڈا کی جانب سے پاکستان میں پانی اور بجلی کے انفراسٹرکچر کی تعمیرو ترقی اور واپڈا کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا پاکستان میں انجینئرنگ کا سب سے بڑا ادارہ ہے جو پانی اور بجلی کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ذریعے ملک کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اِنسانی وسائل کی ترقی میںٹریننگ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ واپڈا نے اپنے ملازمین کی ٹریننگ کے لئے ایک مربوط نظام وضع کر رکھا ہے تاکہ ٹریننگ کی فراہمی کے ذریعے اُنہیں اپنے فرائض مئوثر طور پر سر انجام دینے کے قابل بنایا جاسکے ۔ واپڈا کے پاس علم اور مہارت کے ساتھ ساتھ ٹریننگ کی سہولیات بھی موجود ہیں اور مالدیپ اِن سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکتا ہے ۔

مالدیپ کے پاور سیکٹر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے واپڈا بھر پور معاونت کے لئے تیار ہے ۔مالدیپ کے وفد نے واپڈا ہائوس اور واپڈا کے مختلف تربیتی اداروں کے دورے کا انتظام کرنے پر چیئرمین واپڈا کا شکریہ ادا کیا ۔ وفد کے سربراہ نے بتایا کہ سٹیٹ الیکٹرک کمپنی مالدیپ میں بجلی پیدا کرنے کا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی مالدیپ کے پاور سیکٹر کی ترقی میں واپڈا کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتی ہے ۔

چیئرمین واپڈا سے ملاقات کے بعد سیکریٹری واپڈا کی جانب سے وفد کو واپڈا کے تنظیمی ڈھانچے ، دائرہ کار، کامیابیوں ، ٹریننگ کی سہولیات اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ۔ ممبر(فنانس ) ، ممبر(پاور) ، چیئرمین واپڈا کے پرنسپل سٹاف آفیسر ، جنرل منیجر(ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ) اور جنرل منیجر بھی اِس موقع پر موجود تھے ۔