مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے رہنمائوں نے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ٹکٹ دینے کیلئے تشکیل دیئے گئے پارلیمانی بورڈ کو مسترد کردیا

پیر 25 جون 2018 20:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے رہنمائوں میر گوہر خان مینگل ،نسیم اللہ خان اچکزئی ،الحاج خدائیداد خان ترین ،مرزا شمشاد ،میر غلام فاروق ماندزئی ،محمد عظیم بٹ نے کہاہے کہ بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ٹکٹ دینے کیلئے جو پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ،اس کو ہم تسلیم نہیں کرتے ہیںاس میں صرف من پسند اور بغیر مشاورت کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے ،انہوں نے یہ بات پیر کے روز کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہاکہ 6رکنی کمیٹی کی کارکردگی بالکل صفر ہے جس کے اثرات پارٹی اور آئندہ الیکشن پر اثر انداز ہوں گے ،اس کے علاوہ خود ساختہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کے ذریعے پارٹی کو بلوچستان بھر میں مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے ،پارلیمانی بورڈ کی آپس میں شدید اختلافات کے باعث پارٹی کو تقسیم درتقسیم کیا گیا ہے ،اکثر امیدواروں کو نہ تو انٹرویو کیلئے بلایا گیا اور نہ ہی کوئی تنظیم اور مشاورت کی گئی ہم مرکزی صدر شہباز شریف سے گزار ش کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے بارے میں جن امیدواروں کو ٹکٹیں دی گئی ہے اس پر نظرثانی کریں اور اگر 24گھنٹے میں فیصلہ نہیں کیا گیا تو ہم اپنا فیصلہ خود کرنے میں آزاد ہوں گے جس سے پارٹی کو سخت نقصان پہنچے گا ہمارے فیصلے میں پارٹی سے مستعفی ہوجانا بھی ہوسکتا ہے ۔