Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 255 میں ریلی سے انتخابی مہم کا آغاز

منگل 26 جون 2018 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرکٹ سنٹرل کے صدر سیّد ثاقب علی، حلقہ این اے 255 کے نامزد امیدوار محمود مولوی، پی ایس 127کے نامزد امیدوار عرفان محبوب جیلانی اور پی ایس 128 کی نامزد امیدوار نصرت انوار کی قیادت میں شاندار ریلی نکال کر انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ ریلی کا آغاز کریم آباد میں پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ سنٹرل کے مین آفس سے ہوا ۔

ریلی کے شرکاء سے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما سیّد ثاقب علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی میں بسنے والے ہر دل کی دھڑکن بن چکی ہے۔ چیئرمین عمران خان کراچی میں بسنے والے محروم و مظلوم عوام کو انصاف دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما محمود مولوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے دن گنے جا چکے ہیںاور انتخابات میں ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہوجائیں گی۔

تحریک انصاف کے رہنما عرفان محبوب جیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور متحدہ ختم ہوگئی، تحریک انصاف نے ابھی کام کا آغاز کیا ہے اور اس آغاز سے ہی مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں۔ اپنے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما نصرت انوار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ میں انقلاب برپا کردیا۔ اب پاکستان تحریک انصاف نے سندھ بالخصوص کراچی کا رُخ کیا ہے اور ہم پورے پاکستان سے الیکشن جیت کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں کراچی کے عوام سے پوری امید ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں گے۔ ریلی الکرم اسکوائر کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات