شہباز شریف سے اقلیتوں کے وفد کی ملاقات

منگل 26 جون 2018 22:20

شہباز شریف سے اقلیتوں کے وفد کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سے اقلیتوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں عیسائی،سکھ، پارسی، ہندواور بھائی مذہب کے سیاسی اور مذہبی رہنما ء شریک تھے۔ اقلیتوں کی تقریب کے آغاز میں تمام مذاہب کے مذہبی رہنما ؤں نے دعا کروائی۔ سکھ رہنماؤں نے شہباز شریف کو سروپا اور گولڈن ٹمپل کے ماڈل کا تحفہ دیا۔

اقلیتوں کے وفد سے ملاقات کے دوران میاں شہباز شریف نے گفتگو کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظمؒ نے اقلیتوں کے حقوق کی گارنٹی دی تھی جو آج بھی قائم ہے۔پاکستان ہم سب کا ہے،ہم سب نے مل کر اس کی تعمیر و ترقی کی جدو جہد کرنی ہے۔ اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔

پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ آئین پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔ مسلم لیگ ن اقلیتوں کے حقوق اور کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اقلیتوں کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعاؤں پر شکر گزار ہوں۔ اس موقع پر سکھ رہنماء نے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن پر پنجاب حکومت کی چھٹی کا اعلان خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بحیثیت وزیر اعلیٰ سکھوں کی فلاح کے لئے قابل قدر کام کیا۔ بھائی فرقہ کے نمائندہ نے کہا کہ بھائی فرقہ سیاست میں حصہ نہیں لیتا ہم صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کام کرتے ہیں۔ہندو رہنما نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ہندو نمائندوں کو وزیر بنایا۔ میاں نواز شریف نے ہندو مذہبی تہوار میں شرکت کر کے مذہبی رواداری کی بنیاد رکھی۔ اقلیتی رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کے پاکستان کی ترقی میں کردار کی بھرپور انداز میں تعریف کی اور آئندہ انتخابات میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔