عام انتخابات 2018 کا پُر امن انعقاد ایک بڑا چیلنج ہے،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز

بدھ 27 جون 2018 20:06

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز محمد علی بابا خیل کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں عام انتخابات 2018 کی سکیورٹی سے متعلق صوبہ بھر کے الیکشنز فوکل پرسنز کا ایک اجلاس منعقدہ ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی آپریشنز، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی اور صوبہ بھر کے الیکشنز فوکل پرسنز نے اجلاس میں شرکت کی۔

تمام الیکشنز فوکل پرسنز نے اپنے اپنے اضلاع میں اس سلسلے میں اب تک کئے گئے انتظامات ، الیکشن کے بارے میں جاری شدہ ہدایات و ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ، دستیاب افرادی قوت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مجوزہ ضابطہ اخلاق پر اسکی اصل روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائیںاور ساتھ ساتھ پولنگ کے روزسکیورٹی زونز بنانے اور تمام انتظامات خود وضع کریں۔

(جاری ہے)

اسی طرح فوکل پرسنز کو انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کا عمل تیز کرنے، درپیش سکیورٹی خطرات اور انتخابی اُمیدواروں کے مابین کسی ممکنہ کشیدگی پر گہری نظر رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے سدباب کے لیے بروقت قانونی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے ضلعی فوکل پرسنز کو انتخابی عمل سے وابستہ محکموں کے ساتھ بروقت موثر اور مربوط کوارڈنیشن قائم کرنے اور ساتھ ساتھ کمیونیکیشن پلان، ٹرانسپورٹیشن پلان اور انتخابی مواد کی متعلقہ جگہوں پر محفوظ واپسی کی بروقت منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

پولیس آفیسرز کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ پولیس اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی پر بھیجوانے سے قبل انہیں اپنے فرائض موثر اور بطریق احسن انجام دہی کے حوالے سے بریف کریں۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے واضح کیا کہ عام انتخابات 2018 کا پُر امن انعقاد ایک بڑا چیلنج ہے۔ پولیس اس قومی ذمہ داری کو انتہائی دیانتداری کے ساتھ انجام دینے کے لیے منصوبہ بندی کے تمام مراحل مکمل کرچکی ہے۔