ممبرقانون ساز اسمبلی پیر علی رضا بخاری کی صدر ریاست سردار مسعود خان سے ملاقات

ضلع حویلی میں نئے حلقہ کیلئے جدوجہد کو آگے بڑھانے کے اگلے مرحلے میں صدر سے ملاقات کی ہے‘ علی رضا بخاری

جمعہ 29 جون 2018 16:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری نے ضلع حویلی میں نئے حلقے کے لئے جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے اگلے مرحلے میں صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور ان سے حویلی کے لئے اضافی حلقہ کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انھیں 21 جون کو حویلی میں ہونے والے آل پارٹیز مشاورتی اجلاس کے متفقہ اعلامیہ کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔

گذشتہ روز ہونے والی ملاقات میں پیر علی رضا بخاری نے صدر ریاست کو بتایا کہ ضلع حویلی کی آبادی لگ بھگ دو لاکھ کے قریب ہے اور یہ علاقہ تین اطراف سے دشمن کو چوکیوں میں گھرا ہوا ہے،نیا انتخابی حلقہ یہاں کے عوام کا مطالبہ اور حق جسے انھیں دلانے کے لئے اپ بھی کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

پیر علی رضا نے کہا نئے حلقے کا مطالبہ کرنے والوں میں ضلع کا ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے صاحب رائے شامل ہیں۔

بار سے لے کر تاجر،طلبہ،خواتین دینی و سول سوسائٹی سب نئے حلقے کے مطالبے پر متفق اور متحد ہیں اور وہ اس مطالبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کو جان بوجھ کر پسماندگی میں دھکیلا گیا اب وقت آ گیا ہے کہ اس کو بھی آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ نئے انتخابی حلقے سمیت یہاں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔