نگران وزیراعلی سندھ کا ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کادورہ

حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور مزید ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی،فضل الرحمن

جمعہ 29 جون 2018 17:40

نگران وزیراعلی سندھ کا ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کادورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے جمعہ کو ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کادورہ کیا اور انھوں نے اسکول کے کلاس رومز ، لائبریری، لیبارٹریز، پلے گرانڈز و کمپیوٹر لیب کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلی سندھ کا استقبال اسکول کے منتظم شہزاد رائے اور سیکریٹری تعلیم سندھ نے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے اسکول کے نظام تعلیم اور عملی و تدریسی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی سہولیات، معیار تعلیم، نصابی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں جس کے لیے شہزاد رائے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ملک و قوم کی ترقی یقینی ہے اس ضمن میں سندھ حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور مزید ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ علاوہ ازیں اسکول کو جدید سہولتوں سے آراستہ تعلیمی ادارہ بنانے سے متعلق شہزار رائے نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ بھی دی۔