قومی ایئر لائن 25اکتوبر سے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان پروازیں شروع کر گی

برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی معاشی خوشحالی کی نوید ہے،پاکستانی ہائی کمشنرڈاکٹرفیصل برطانیہ کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی کا قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال کرنے کا خیرمقدم

اتوار 19 اکتوبر 2025 22:05

قومی ایئر لائن 25اکتوبر سے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان پروازیں ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ برطانیہ کیلئے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشنز کی بحالی پاکستان کیلئے ایک تاریخی سنگ میل اور معاشی خوش حالی کی نئی نوید ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پی آئی اے کے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے سینئر حکام، پی آئی اے یو کے کے اسٹیشن منیجر اور عملہ، ممتاز برطانوی پاکستانی تاجر، سماجی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی، سیاحتی اور عوامی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں صرف فاصلوں کو کم نہیں کریں گی بلکہ دلوں کو جوڑیں گی، نئے مواقع پیدا کریں گی اور دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت دیں گی۔ہائی کمشنر نے وزیر اعظم شہبازشریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارکو خراج تحسین پیش کیا جن کی وژنری قیادت نے پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی اور برطانیہ میں واپسی کو ممکن بنایا۔

انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارتِ ہوابازی اور پی آئی اے کی قیادت و عملے کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔ڈاکٹر محمد فیصل نے حکومت برطانیہ اور یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون اور تکنیکی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں پی آئی اے کی اسٹیشن منیجر نادیہ نے بتایا کہ قومی ایئر لائن 25اکتوبر 2025 سے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار 2براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔دریں اثناء برطانیہ کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی نے قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروازیں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے آسان، محفوظ اور براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا باعث بنیں گی۔