کوئٹہ، بلوچستان عوامی پارٹی اور الفتح پینل کے درمیان انتخابات کے دوران انتخابی اتحاد ہو گیا

پہلے مرحلے میں بی اے پی کے بلوچستان سے حلقہ این اے 268 سے امیدوار میراعجاز احمد سنجرانی ‘ الفتح پینل کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے

جمعہ 29 جون 2018 21:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی اور الفتح پینل کے درمیان انتخابات کے دوران انتخابی اتحاد ہو گیا پہلے مرحلے میں بی اے پی کے بلوچستان سے حلقہ این اے 268 سے امیدوار میراعجاز احمد سنجرانی ‘ الفتح پینل کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے اس بات کا اعلان بی اے پی کے مرکزی صدر میر جام کمال خان اور الفتح پینل کے سربراہ سردار فتح محمد محمد حسنی نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر بی اے پی کے جنرل سیکرٹری منظوراحمدکاکڑ پارٹی کے سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی ‘ سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد ‘ ملک خدابخش لانگو اور دستبردار ہونے والے امیدوار میر اعجاز احمد سنجرانی بھی موجود تھے اس موقع پر میر جام کمال خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر ایک خوشگوار ماحول میں انتخابی عمل کو آگے بڑھایا جائے ہماری کوشش ہے کہ ہم اس صوبہ کی باسی ہیں اور آپس میں متحد ہو کر آگے بڑھیں اور ایک دوسرے سے بات چیت کے عمل کوبڑھاتے ہوئے آگے جائیں ہم نے پہلے بھی واضح کیا تھا کہ انتخابات کے قریب آتے ہی بی اے پی کی بلوچستان میں تمام جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت کا عمل تیز ہو گا جس کا ثبوت آج سب کے سامنے ہے ہم نے اچھی روایت قائم کرکے الفتح پینل کے امیدوار کے مدمقابل بی اے پی کے امیدوار میر اعجاز احمد سنجرانی کو حلقہ این اے 268 سے دستبردار کرایا اس موقع پر الفتح پینل کے سربراہ سردار فتح محمد محمد حسنی نے کہا کہ ہم نے آزاد حیثیت سے الفتح پینل تشکیل دیا ہے کیونکہ میری ایک اپنی ذاتی قبائلی و سیاسی حیثیت ہے جس کی بل بوتے پر میں نے قومی اورصوبائی اسمبلی کے حلقوں پر بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر جام کمال خان اور دیگر رہنمائوں سے بات کرکے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ہماری کوشش ہے کہ آنے والے انتخابات میں صوبہ کے حقیقی نمائندوں کو کامیاب کراکر آگے لایا جائے اور الفتح پینل آزاد حیثیت سے صوبہ کی قبائلی اور سیاسی صورتحال میں آگے بڑھے گا ہماری کوشش ہے کہ تمام صوبہ کے حقیقی نمائندے منتخب ہو کر آگے آئیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں انہوں نے بی اے پی کے امیدوار کی جانب سے ان کے حق میں دستبردار ہونے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کے بلوچستان کی سیاست اور انتخابات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اسی طرح ہمارے امیدوار عارف جان حسنی اور میر اورنگزیب جمالدینی سمیت دیگر امیدواروں کے حوالے سے بھی مل جل کر انتخابی عمل میں آگے بڑھیں گے اس موقع پر بی اے پی کے جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ہماری جماعت کو گائے کا انتخابی نشان الاٹ ہوا ہے اب الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدواروں کو بیل اور بکری کے نشانات الاٹ ہو رہے ہیں اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو لیٹر لکھا ہے یہ نشانات الاٹ نہ کئے جائیں جس سے ہماری جماعت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اگر ہماری درخواست پر کوئی عمل درآمد نہ کیا گیا تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے ۔