اورنج لائن منصوبہ ایک سال میں بھی مکمل ہوتا نظر نہیں آتا،نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ دوست محمد چانڈیو

جمعہ 29 جون 2018 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر برائے مائینز اینڈ منرل، ری ہیبلیٹیشن، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کرنل (ر) دوست محمد چانڈیو نے عبدالستارایدھی لین (اورینج لائن) منصوبے کا دورہ کیا۔ اس دوران ایم ڈی محمد حنیف مرچی والا اور دیگر نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ ایم ڈی نے بتایا کے اورنج لائین 3.88 کلو میٹر ہے جس میں 6 بس اسٹیشن ہونگے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی میں منصوبے پر کام کرنے والے ماہرین اور انجینئرز منصوبے کے متعلق چائنہ کا دورہ کریں گے اور یہ منصوبہ ستمبر 2018 میں مکمل ہوجائے گا۔ نگران صوبائی وزیر نے مختلف مقامات پر اورنج لائن کا دورہ بھی کیا اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے منصوبے کے کام سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر اور دیگر ماہرین خود منصوبے کی مکمل تفصیل سے لاعلم ہیں اور اورنج لائن منصوبہ ایک سال میں بھی مکمل ہوتا نظرنہیںآتا۔

انہو نے کہا کے وہ خود ماہرین کے ساتھ چائناکا دورہ کریں گے۔ نگران صوبائی وزیر دوست محمد چانڈیو نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی رکاوٹ حائل ہے ہمیں بتائیں ہم آپ کے ساتھ تعاون کر کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔