عطائیت کے خاتمہ تک آپریشن کلین اپ جاری رہی گا اور عطائی ڈاکٹر سزا سے نہیں بچ سکیں گے ،ڈپٹی ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹر

جمعہ 29 جون 2018 23:45

رحیم یارخان۔29 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) عطائیت کے خاتمہ تک آپریشن کلین اپ جاری رہیگا اور عطائی ڈاکٹر سزا سے نہیں بچ سکیں گے ، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں،لوگ محکمہ صحت سے تعاون کریں اور جہاں عطائی ڈاکٹر خفیہ طریقہ سے اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں ان کی اطلاع محکمہ صحت کو دیں تاکہ موت کے ان سوداگروں کی بیخ کنی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈی ایچ او(ہیڈکوارٹر) ڈاکٹر اسامہ منیر پنسوتہ نے موٹر سائیکل مکینک کی دکان میں پریکٹس کرنے والے عطائی ڈاکٹر کو رنگے ہاتھوں مریضوں کو چیک کرتے ہوئے پکڑا اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اڈہ رینکا موضع گبولاں میں ایک عطائی ڈاکٹر سجاد نے محکمہ صحت کی آنکھوں میں دھول جھانک رہا تھا موٹر سائیکل مکینک کی دکان میںکلینک چلا رہا تھا اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈی ایچ او ہیڈکوارٹر ڈاکٹر اسامہ منیر پنسوتہ اپنی ٹیم کے ہمراہ جب موقع پرپہنچے تو عطائی سجاد نے دکان کا شٹر گرا رکھاتھا اور اندر ایک مرد دو خواتین مریضوں کو چیک کررہاتھا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسامہ منیر نے جب پوچھا توعطائی کہنے لگا کہ یہ میرے مہمان ہیں،اسی اثناء میں دومریض علاج کی غرض سے اور بھی آگئے۔ ڈاکٹر اسامہ منیر پنوستہ نے کلینک میں موجود آپریشن کے دوران استعمال ہونے والے ٹانکوں کا سامان جراثیم سے آلودہ آلات، سرنجیں، ڈرپیں اورنیلی پیلی گولیاں قبضہ میں لے لیں جس پر عطائی منت سماجت پر اتر آیا اور معافی مانگنے لگا ڈاکٹر اسامہ منیر پنوستہ نے محکمانہ کاروائی کرتے ہوئے تمام سامان قبضے میں لے کر کلینک کوسیل کردیا اور کیس بنا کر PHCکو بھیج دیا۔

ڈاکٹر اسامہ منیر پنسوتہ نے کہا ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر آغا توحید احمد خان کی سخت ہدایات کے مطابق پورے ضلع میں عطائیوںکے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے جو عطائیت کے خاتمہ تک جاری رہیگا،لو گ محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اور اس گھنائونے دھندے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :