مسلم لیگ (ن )نے این اے 137سے میاں سعد وسیم شیخ کو ٹکٹ جاری کر دیا

ہفتہ 30 جون 2018 19:48

قصور۔30 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) مسلم لیگ (ن )کے سابق ایم این اے وامیدوار این ای137میاں وسیم اختر شیخ کی نااہلیت کے بعد اسکا بیٹا میاں سعد وسیم شیخ نے ریلی کی شکل میں کچہری پہنچ کر پارٹیٰ ٹکٹ ریٹرنگ آفیسر کو جمع کروادی، این اے 137سے اب مسلم لیگ( ن) کے امیدوار میاں سعد وسیم شیخ ہونگے ۔ دو روزقبل لاہور ہائی کورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے ملزمان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایم این اے سمیت 4ملزمان کو ایک ماہ قید سمیت ایک ، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے سابق (ن)لیگی ایم این اے وسیم اختر شیخ ، وائس چیئرمین بلدیہ احمد لطیف ، ناصر خاں ، جمیل خاں کو ایک ماہ قید سمیت ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دے دیا ، جبکہ دو ملزمان سابق ایم پی اے نعیم صفدر انصاری اور چیئرمین بلدیہ قصور ایاز احمد خاں کو بری کردیا ۔

(جاری ہے)

سزا پانے والے ملزمان کو عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا ۔ میاں وسیم اختر شیخ ودیگر لیگی کارکنان کو سزا ہونے کے بعد این ای137 میں پی ٹی آئی کا پلڑا بھاری ہو گیا ، حلقہ کے عوام کی رائے کے مطابق قصور اور مصطفی آباد میں پی ٹی آئی کو نوجوان ووٹروں کے واضح سپورٹ حاصل ہے اس لئے اس حلقہ سے پی ٹی آئی کے تجربہ کار امیدوار سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی کے جیتنے کے چانسز زیادہ ہے جبکہ میاں سعد وسیم نے کہا ہے کہ میرا الیکشن مسلم لیگ ن کے ورکر لڑیں گے اور ثابت کریں گے کہ قصور مسلم لیگ کا گڑھ ہے ۔