مرحوم جمشید مارکر ایک مایہ ناز سفارت کار تھے جن کی بصیرت کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا، دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے استحکام میں ان کے موثر کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاوہ اپنے جانشینوں کیلئے ہمیشہ رول ماڈل رہیں گے

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کا وزارت خارجہ امور میں جمشید مارکر ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 2 جولائی 2018 20:06

مرحوم جمشید مارکر ایک مایہ ناز سفارت کار تھے جن کی بصیرت کا اعتراف دنیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے کہا ہے کہ مرحوم جمشید مارکر ایک مایہ ناز سفارت کار تھے جن کی بصیرت کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا، دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے استحکام میں ان کے موثر کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاوہ اپنے جانشینوں کیلئے ہمیشہ رول ماڈل رہیں گے۔

وہ پیر کو یہاں وزارت خارجہ امور میں جمشید مارکر ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم نے جمشید مارکر ہال کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ جمشید مارکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام وزارت خارجہ امور نے کیا ،جو 95 برس کی عمر میں حال ہی میں کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ، وزیراعظم کے سابق مشیر سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی طارق فاطمی، سفارت کار اور مرحوم جمشید مارکر کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے کہاکہ جمشید مارکر نے ایک تجربہ کار اور ماہر سفیر کی حیثیت سے بہت نام کمایا اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جمشید مارکر ملک کے ممتاز ترین سفارت کاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے سفارتی محاذ کے ہر شعبہ میں اپنے گہرے نقوش چھوڑے، آج وہ ہمارے درمیان نہیں لیکن وہ اپنے جانشینوں کیلئے ہمیشہ رول ماڈل رہیں گے۔

نگران وزیراعظم نے جمشید مارکر کو لیجنڈ اور غیر معمولی سفارتکار قرار دیا جو بین الاقوامی فورمز پر ملک کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے ہمیشہ ایک سچے پاکستانی کے طور پر کھڑے ہوئے۔ اس موقع پر نگران وزیر خارجہ عبدالله ہارون نے کہاکہ جمشید مارکر ایک عظیم سفارتکار تھے جو پاکستان کیلئے جئے اور پاکستان میں فوت ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ جمشید مارکر کو نہ صرف ملک سے محبت تھی بلکہ انہوں نے عمل کے ذریعے ملک کی خدمت کی، ہم دل کی گہرائیوں کے ساتھ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے کہاکہ جمشید مارکر نے نہایت مشکل اور ابتلاء کے ادوار میں بھی پرسکون انداز میں اور سفارتی مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ پاکستانی قوم اور دفتر خارجہ کے ارکان ان کی کمی بہت زیادہ محسوس کریں گے۔ جمشید مارکر کی صاحبزادی نیلوفر رائفلر نے کہاکہ ان کے والد نہایت مہذب انسان تھے جنہوں نے تمام ممالک کی ثقافتوں کی پذیرائی کی۔

انہوں نے تقریب کے انعقاد پر دفتر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ جمشید مارکر پاکستان کے بہترین سفارتکاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے طاقتور اور موثر سفارت کاری کا ورثہ چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک اعلیٰ پائے کے مدبر بھی تھے جنہوں نے طاقتور ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کیا۔

انہوں نے کہاکہ خواہ یہ جنیوا کا معاملہ ہو، امریکا کے ساتھ مشکل و پیچیدہ تعلقات ہوں یا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کوئی قرارداد ہو جمشید مارکر نے اپنی موثر سفارت کاری اور مہارت کے ذریعے قوم کی خدمت کی۔اس موقع پر ڈین آف ڈپلومیٹک کور عطاء جان مولاموف نے کہاکہ سفیر جمشید مارکر کی جانفشانی کی بدولت مشکل ادوار میں ہمیشہ پاکستان کے موقف کو تقویت ملی۔