Live Updates

وفاداریاں تبدیل ہوئی نہیں کروائی گئی ہیں

جو بھی جیپ کو ووٹ ڈالے گا اس کا ووٹ خلائی مخلوق کو جائے گا۔ مریم نواز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 جولائی 2018 16:50

وفاداریاں تبدیل ہوئی نہیں کروائی گئی ہیں
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا لوگوں کی مسلم لیگ ن اور نواز شریف سے وفاداریاں تبدیل نہیں ہوئیں بلکہ ان وفاداریوں کو تبدیل کروایا گیا ہے۔ لندن میں مقیم پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ سیاسی رہنماؤں کی نواز شریف سے وفاداریوں کو زبردستی تبدیل کروایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے اداروں کے بارے میں کوئی بیانات نہیں ہیں۔اس ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانا سب سے مشکل کام کیوں ہو گیا ہے؟ جب کوئی یہ بات کرتا ہے کہ ہر ادارے کو اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئیے تو اس میں کیا غلط بات ہے؟ اگر آپ قانون و آئین کی حدود سے نکل کر کوئی کام کریں اور قانون کی خلاف ورزی کریں تو وہ کام منظور ہے لیکن اگر کوئی لیڈر یہ کہتا ہے کہ آئین اور قانون کی حدود میں رہ کر کام کیا جائے تو اس میں کیا غلط ہے ؟ بلکہ جو نہیں کہہ رہے ان کو بھی یہی کہنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جانا چاہئیے۔ 70 سالوں سے اس ملک کو آئین و قانون کے مطابق نہیں چلایا گیا تو یہ حال ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ جیپ کا نشان خلائی مخلوق ہے ، جیپ کے نشان کو ووٹ ڈالنے والوں کو اس بات کا علم ہونا چاہئیےکہ وہ خلائی مخلوق کو ووٹ ڈالیں گے۔ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز نےکہا کہ ابھی ڈاکٹرز نے کچھ نہیں بتایا ، جیسے ہی ان کی طبیعت میں بہتری آئے گی ہم پاکستان جائیں گے، میں اور میاں صاحب پاکستان جانے کے لیے تیار بیٹھےہیں۔

چودھری نثار علی خان کو این اے 59 اور پی پی 12 سے جیپ کا نشان الاٹ کیا گیا۔مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما ایک عرصے تک شیر کے انتخابی نشان پر لڑتے رہے لیکن مسلم لیگ ن سے اختلافات کے بعد چودھری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے اب انہیں جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا۔ اس پر یکم جولائی کو طنزیہ گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا تھا کہ قوم کسی صورت الیکشن میں دھاندلی کو برداشت نہیں کرے گی،ہمارے اُمیدواروں کو شیر کی بجائے جیپ کا نشان دے کرعلیحدہ گروپ بنایا جارہا ہے،الیکشن کومتنازعہ نہ بنایا جائے، پری پول دھاندلی روکی جائے،سینیٹ انتخابات میں جوکچھ ہوا اُس کو دہرایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے متعلق حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے ایک سوال پر کہا کہ چوہدری نثار کی کسی بات کا جواب نہیں دیا۔ چوہدری نثار کی باتوں سے دکھ اور تکلیف ہوتی ہے۔ جواب دینے سے بڑے کام ہیں جو کر رہا ہوں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات