Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بلاشبہ ساری آفت قدرت کی طرف سے آئی ہے،یہ سب لوگ جیلوں میں ہونگے، جیپ انہیں روندتے ہوئے گزر جائے گی،بلا ان کے پیچھے ہوگا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 3 جولائی 2018 23:32

پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بلاشبہ ساری آفت قدرت کی طرف سے آئی ہے،یہ سب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بلاشبہ ساری آفت قدرت ہی کی طرف سے آئی ہے کیونکہ ان لوگوں نے ناموس رسالت ﷺ کے خلاف ترمیم لانا چاہی اسی لیے یہ لوگ قدرت کی پکڑ میں آئے ہوئے ہیں، یہ سب لوگ جیلوں کا مٹیریل ہیں،سبھی جیلوں میں ہونگے، جیپ انہیں روندتے ہوئے گزر جائے گی اور بلا ان کے پیچھے ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور یہ سب کیسے الیکشن لڑیں گے، ان کے بہت برے دن شروع ہو چکے ہیں،آپ دیکھیں گے کہ یہاں راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 اور 62 میں بھی قلم دوات انشااللہ ایسی ریکارڈ کامیابی حاصل کرے گی کہ یہ لوگ کہیں گے دھاندلی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج جو دھاندلی کا شور کر رہے ہیں یہ بذات خود دھاندلی کی پیداوار ہیں لیکن آج انہیں بلا سر پہ پڑتا دکھائی دے رہا ہے اور جیپ انہیں روندتی ہوئی گزر رہی ہے لیکن اس وقت کیا تھا جب گھڑا، مٹکا اور بالٹی بمعہ اہل و عیال ان کے ساتھ آئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آج ہر حال میں کسی این آر او کے لیے کوشاں ہیں جو انہیں نہیں مل رہا، ان کی یہی کوشش اور دلچسپی ہے کہ ان کی لوٹی ہوئی دولت بچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر لاہور ایک جھٹکے میں مفلوج ہو گیا ہے تو اس کی وجہ ہی یہی ہے کہ ان لوگوں نے ہر منصوبے میں کمیشن کھائی ہے اسی وجہ سے ان کے حالات بھی آج اتنے خراب ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ دار بزدل لوگ ہیں، اگر یہ بہادر ہوتے تو آج ہمارے ملک کا نقشہ ہی کوئی اور ہوتا، یہ لوگ بنکوں کا مال کھا کے، ہمارا خون پسینہ چوس چوس کے، منی لانڈرنگ کر کے، ایکسپریس وے، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین کی کمیشنیں کھا کھا کے اپنے اثاثے ملک سے باہر بنا کے بیٹھے ہوئے ہیں جن کا ٹرائل ضرور ہونا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں راولپنڈی کے زیر تعمیر ہسپتال کا گزشتہ 13 سال سے پیٹشنر ہوں اور ہر جگہ سے کیس جیتتا ہوں لیکن پھر کیس رک جاتا ہے، یہ 200 کنال کا 480 بستروں کا ہسپتال جس میں 400 نرسوں کی تربیت کا ہسپتال جس پر چرسیوں کا قبضہ ہوتا جا رہا تھا، چیف جسٹس صاحب نے خود اس کا دورہ کیا اور ان کے احکامات کے بعد اب اس پر کام بھی شروع ہو گیا ہے جو انہوں نے ایک بہت بڑا نیکی کا کام کیا ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا کیونکہ میری نہ تو کوئی اولاد ہے اور نہ ہی میری ماں زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ ہے اور میں اپنے حلقے میں ہر جگہ جائوں گا کیونکہ میرے وہاں ووٹر ہیں کسی کو کیا مسئلہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں قلم دوات کی حکومت ہو گی اور میں عمران خان کو وزیراعظم لانے کی بھرپور کوشش کروں گا باقی میر اپی ٹی آئی سے وہ تعلق نہیں جو عمران خان سے ہے اور یہ بات میں سب کے سامنے وقت سے پہلے کہہ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت قلم دوات کی حکومت ہو گی اور شیخ رشید کا سب سے اہم کردار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کلاتھ مارکیٹ میرے شیخوں کا ہیڈ کوارٹر ہے لیکن میں وہاں بھی ووٹ مانگنے نہیں گیا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس دفعہ پہلی بار میری شیخ برادری میرے ساتھ ہے اور وہ میرے ساتھ کھڑے ہیں جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات