آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب نے فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 جولائی 2018 14:16

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب نے فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جولائی 2018ء) : نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کر لیا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ فواد حسن فواد کی گرفتاری کے بعد ان سے اسکینڈل سے متعلق تفتیش کی جائے گی ۔

فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کی جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے خلاف کافی ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ فواد حسن فواد سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں جس کی بنا پر مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ڈی جی نیب کے مطابق فواد حسن فواد کو 3 الزامات پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

الزامات میں آشیانہ اقبال اور نجی بنک میں نوکری شامل ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد نیب کے سامنے چوتھی مرتبہ پیش ہوئے۔ ترجمان نیب نے بتایا کہ فواد حسن فواد کا تفتیشی ٹیم کے سامنے بیان جاری ہے۔ ان کی گرفتاری کی صورت میں تمام چارجز سے آگاہ کریں گے۔ سوالات کے دوران انہوں نے نیب افسران سے بد تمیزی بھی کی۔ فواد حسن فواد کو تسلی بخش جواب نہ دینے پر نیب حکام نے حراست میں لےلیا۔ خیال رہے کہ نیب نے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد خبریں آئیں کہ نیب احد چیمہ کے ساتھ ساتھ فواد حسن فواد کو بھی گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن فواد حسن فواد کی گرفتاری میں نیب کے ہی ایک اعلیٰ افسر رکاوٹ بن گئے تھے۔

نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کرپشن کیس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو کئجی مرتبہ طلب کیا تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق فواد حسن فواد کی گرفتاری سے مسلم لیگ ن کو کافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ 25 جولائی تک کسی بھی انتخابی اُمیدوار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ملزمان پر قومی منصوبے میں 19 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ نیب یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس کا سیاست اور الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اس لیے نیب نے سیاسی امیدواروں کے خلاف کیسز کو انتخابات تک مو خر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اب فواد حسن فواد کی گرفتاری نے کئی سوالات اُٹھا دئے ہیں۔