Live Updates

کیا عدالت نواز شریف اور مریم نواز کی عدم موجودگی میں فیصلہ سنا سکتی ہے؟

اہم ترین سوال کا جواب مل گیا۔۔۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 جولائی 2018 15:24

کیا عدالت نواز شریف اور مریم نواز کی عدم موجودگی میں فیصلہ سنا سکتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جولائی 2018ء) : احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ 3 جولائی کو محفوظ کیا جو 6 جولائی یعنی کل سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت نے کیس کا فیصلہ سنانے کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت کیس کے دیگر ملزمان کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کے علاج کی وجہ سے لندن میں مقیم ہیں اور ان کی وطن واپسی سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے ایک ہی سوال اُٹھانا شروع کر دیا کہ کیا نواز شریف اور مریم نواز عدالت میں پیش ہوں گی ، کیا ان کی عدم موجودگی پر ہی فیصلہ سنا دیا جائے گا؟ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئےایڈووکیٹ سپریم کورٹ راجہ عامر عباس نے اس بات کا جواب دے دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہو گئی ہے اسی لیے میں یہ سمجھا دوں کہ کسی کیس میں ملزم کی عدم موجودگی پر ٹرائل ہرگز نہیں ہوسکتا۔

لیکن اس کیس میں ملزمان کا ٹرائل مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرمنل پروسیجر کورٹ کے سیکشن 366 کے تحت جب ٹرائل ختم ہو جائے،تو عدالت ایک تاریخ کا اعلان کرے جس پر اس کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔ جس کا مطلب ہے کہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ایک تاریخ کا اعلان کرنا ہے جس پر فیصلہ دیا جائے گا۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ عدالت فریقین کو آگاہ کرے گی کہ اس تاریخ پر آپ کے کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

اگرعدالت میں وکیل موجود ہے تو پھر دوسرے فریق کو ، جو ملزم ہے اسے بتانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں ملزم کو بھی نوٹس جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سیکشن 366 کی ایک ذیلی شق یہ کہتی ہے کہ ملزمان کی عدم موجودگی سے کیس کے فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔یہ چیز صاف واضح ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی غیر موجودگی میں اس کیس کا فیصلہ سنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری دلی خواہش ہے کہ میں عدالت میں موجود ہوں اور فیصلہ سنایا جائے لیکن صرف ان کی دلی خواہش پر فیصلہ موخر نہیں کیا جا سکتا نہ ہی ان کو کوئی ریلیف ملے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات