Live Updates

تحریک انصاف کے حلقہ این اے 253 کے نامزد امیدوار محمد اشرف جبار کی انتخابی مہم کے دوران علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں

جمعرات 5 جولائی 2018 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 253 کے نامزد امیدوار محمد اشرف جبار نے انتخابی مہم کے دوران علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں اور کارنر میٹنگ کی۔ پی ایس 123 کے نامزد امیدوار فیضان مسلم کے ہمراہ زون ون کے جنرل سیکریٹری غازی اعظم اور ان کی ٹیم نے نارتھ کراچی سیکٹر گیارہ بی کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور وہاں کے عوام تک تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کا پیغام پہنچایا۔

حلقہ پی ایس 124 کے نامزد امیدوار فرحان سلیم غوری بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ مختلف افراد اور پی ٹی آئی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما محمد اشرف جبار کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات گزشتہ دور کے حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔

(جاری ہے)

عوام الناس کو اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر دینا چاہئے۔ ان چور، لٹیروں اور غنڈوں کو منتخب نہ کریں جو آپ کی زندگی پہلے ہی تباہ کرچکے ہیں۔

ووٹ ایک مقدس امانت ہے اور وہ لوگ جنہوں نے اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دئیے، اس کے زیادہ حقدار ہیں۔ چیئرمین عمران خان اس وقت پورے ملک میں حق ، سچ اور انصاف کی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ان کے نمائندے کی حیثیت سے عوام کی عدالت میں حاضر ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اور اقتدار اس کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات