سپریم کورٹ نے یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

جمعرات 5 جولائی 2018 22:50

سپریم کورٹ نے یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما یار محمد رند کو نااہل قراردینے کے حوالے سے اپیلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ معطل کر تے ہوئے درخواست گزار یارمحمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی ہے ۔ جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان سے پاکستان تحریک انصاف کے راہنمایار محمد رند کی نااہلی کیخلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔

اس موقع پر یار محمد رند کے وکیل نے مو قف اپنایا کہ میرے موکل کے کاغذات نا مزدگی میں مدرسے کی ڈگری اور ایف آئی آر کا ذکر نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ۔ یار محمد رندچھ دفعہ پارلیمنٹیرینز رہنے کے ساتھ وفاقی وزیر بھی رہے ہیں مخالف امیدوار تاج محمد رسانی نے مدرسے کی ڈگری ظاہر نہ کرنے پر یار محمد رند کی اہلیت کو چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

میرے موکل نے 2018 ء کے انتخابات میں مدرسے کی ڈگری اس لئے ظاہر نہیں کی کیونکہ مدرسے کی ڈگری ایچ ای سی کی تسلیم شدہ نہیں تھی ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعداپیلٹ ٹریبونل کافیصلہ معطل کرتے ہوئے یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی. یادرہے کہ یار محمد رند قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 206 اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 17 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ریٹرننگ افسر نے یار محمد رند کے جعلی ڈگری اور قتل کے مقدمات کے الزامات میں کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کی جس نے ریٹرننگ افسر کافیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کی تھی ۔ جس کیخلاف یار محمد رِند نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔