پرامن ،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقادکو یقینی بنانے کے لئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،آراو ڈیرہ سید عارف شاہ

پیر 9 جولائی 2018 23:23

ڈی آئی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 38 ڈیرہ ون کے ریٹرنگ آفیسر ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے کہا ہے کہ پرامن ،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقادکو یقینی بنانے کے لئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔پوسٹل بیلٹ پیپرز کا ایک مرحلہ مکمل کرلیاگیا جس میں ضلع سے باہر ڈیوٹی سرانجام دینے والے سرکاری ملازمین ،جیل میں قیدیوں اور معزور افراد کی درخواستوں پر انہیں پوسٹل بیلٹ ارسال کردیئے گئے ہیں ۔

دوسرے مرحلے میں الیکشن کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے سرکاری اہلکاروں سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں جس کی آخری تاریخ 20 جولائی ہے جس کے بعد کوئی پوسٹل بیلٹ پیپر جاری نہیں کیا جائے گا اور اس کے بعد عام انتخابات کی تیاری کا عمل مکمل کیاجائیگا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کے حلقہ این اے 38 ڈیرہ ون میں پندرہ امیدوار وں کے ناموں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے جن میں انہیں انتخابی نشان بھی الاٹ کیے گئے ہیں ۔

حلقہ این اے 38 میں کل ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 91 ہزار 557 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار دو سو 93 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار دو سو 64 ہے ۔حلقہ میں کل 353 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر کل 1088 بولنگ بوتھ قائم ہیں جن میں 604 بولنگ بوتھ مردانہ اور 484 پولنگ بوتھ زنانہ شامل ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ انہوں نے تمام پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرکے وہاں پر سیکورٹی سمیت دیگر امور کا جائز ہ لے لیا ہے ۔

جہاں پر شکایات موصول ہوئی انہیں فوری طور پر دور کیا جارہا ہے۔ان کاکہناتھا کہ تمام امیدوار ان کے لئے قابل احترام اوربرابر حیثیت رکھتے ہیں۔لہذا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور قانون شکنی کی صورت میں بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔